ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جوئیڈا : ملک کو بجلی فراہم کرنے والے ضلع اُترکنڑا میں مٹی کے چراغ جلانے پر مجبور ہیں دیہاتی عوام

جوئیڈا : ملک کو بجلی فراہم کرنے والے ضلع اُترکنڑا میں مٹی کے چراغ جلانے پر مجبور ہیں دیہاتی عوام

Thu, 19 Jan 2023 17:54:15    S.O. News Service

جوئیڈا : 19/ جنوری (ایس او نیوز) ملک میں بجلی فراہم کرنے والا نیوکلیر پاور پلانٹ رکھنے والے ضلع شمالی کینرا میں جوئیڈا ایک ایسا تعلقہ ہے جہاں کے کچھ دیہاتوں میں آزادی کے 75 سال گزرنے کے بعد بھی عوام بجلی سے محروم ہیں اور مٹی کے دیے جلا کر اس کی روشنی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ 

    جوئیڈا تعلقہ کے اُلوی گرام پنچایت میں گھنے جنگلات کے اندر بانے گالی، بیکونڈی، کاٹورو، بوگلے ، مومبرگی ، تلسگیری جیسے کئی دیہات ایسے ہیں جہاں پر ابھی بجلی کنکشن دستیاب نہیں ہے ۔ جنگلاتی علاقہ ہونے کی وجہ سے دن میں ہی یہاں پر اجالا بہت کم رہتا ہے، لیکن شام ہوتے ہی ایسا گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے کہ گھر سے باہر نکلتے ہوئے ڈر لگتا ہے ۔ اور گھر کے اندر رہتے ہوئے بھی جنگلی جانوروں کا خوف چھایا رہتا ہے ۔

    ایسے ماحول میں صرف مٹی چراغوں کے سہارے لوگوں کو اپنے دن کاٹنے پڑ رہے ہیں ۔ بچوں کی پڑھائی لکھائی کا کام بھی انہیں چراغوں کی روشنی میں ہوتا ہے ۔ صرف بجلی کی روشنی ہی نہیں بلکہ یہاں پر سڑکوں کی صورتحال بھی بہت ہی خراب ہے ۔ 

    عجیب صورتحال یہ ہے کہ دیہاتوں کی ایسی خراب اور خستہ حالت  کے باوجود عوامی منتخب نمائندے یا سرکاری افسران اس کا حل نکالنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ گاوں والوں کا کہنا ہے کہ سڑکیں درست کرنے یا بجلی فراہم کرنے کی مانگ کرنے پر افسران کہتے ہیں کہ قانونی رکاوٹیں ہیں کیونکہ محکمہ جنگلات کی طرف سے اس کی اجازت نہیں ملتی ۔ 

    معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ سال سرکاری طور پر یہاں انڈر گراونڈ کیبل کے ذریعے بجلی پہنچانے  کا منصوبہ منظور کیا گیا تھا مگر محکمہ جنگلات نے اس کے لئے بھی منظوری نہیں دی ۔ اور صورتحال کا جائزہ لینے پر محسوس ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہونے والا نہیں ہے ۔ یعنی ملک کو بجلی کی روشنی فراہم کرنے والے چراغ کے نیچے ہی اندھیرا باقی ہے ۔ 


Share: